Thursday, August 26, 2010

پی ایف یو جے نے عید سے قبل کارکنان کی تنخواہیں ادا نہ کرنے پر میڈیا مالکان کے گھروں کا گھیراؤ کرنے کی دھمکی دے دی

پی ایف یو جے نے عید سے قبل کارکنان کی تنخواہیں ادا نہ کرنے پر میڈیا مالکان کے گھروں کا گھیراؤ کرنے کی دھمکی دے دی

اسلام آباد اگست ( ): پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)نے دھمکی دی ہے کہ اگر میڈیا نمائندگان اور کارکنان کو عیدالفطر سے قبل ان کی تنخواہوں اور دیگر واجبات کی ادائیگی نہ کی گئی تو میڈیا مالکان کے گھروں کا گھیراؤ کیا جائے گا اور احتجاج کا یہ سلسلہ واجبات کی مکمل ادائیگی تک جاری رہے گا۔

پی ایف یو جے نے میڈیا مالکان کی ڈھٹائی پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ کئی ٹی وی چینلز اور اخبارات جن میں اے آر وائی، رائل، نیوز ون، دن، چینل فائیو، واش، دھرتی، روہی، پنجاب، سٹار ایشیاء، سٹی 42، ڈی ایم ڈی ڈیجیٹل، ایف ایم 103، روزنامہ دن، روزنامہ پاکستان، روزنامہ جناح، روزنامہ خبریں، دی پوسٹ، مقدمہ، اوصاف ،روزنامہ آجکل، ڈیلی ٹائمز، ڈیلی لیڈر،روزنامہ کائنات، ڈیلی بلوچستان ٹائمز، روزنامہ تعمیرسندھ،روزنامہ نوسج کراچی،روزنامہ سچ کراچی، روزنامہ نوائے سندھ، روزنامہ دفاع کراچی، ڈیلی لاڑکانہ ٹائمز، روزنامہ دعوت عمل، روزنامہ مسلم پشاور، روزنامہ ترقی کوئٹہ، روزنامہ صدائے پوٹھوہا، روزنامہ جانباز اور روزنامہ صدائے پاکستان بہاولپور شامل ہیں، کی انتظامیہ بلاوجہ اور بغیر کسی قانونی جواز کے اپنے کارکنان کو تنخواہیں نہیں دے رہی۔

پی ایف یو جے نے بتایا کہ عیدالفطر کے موقع پر پیشگی تنخواہ کا تو ذکر ہی کیا، بہت سارے اخبارات اور ٹی وی چینلوں کے مالکان اپنے ملازمین کو مسلسل پانچ چھ ماہ سے تنخواہیں ادا ہی نہیں کر ہے۔

پی ایف یو جے نے بتایا کہ اس صورتحال نے میڈیا مالکان کا اصل چہرہ بے نقاب کر کے رکھ دیا ہے۔ میڈیا مالکان ایک طرف تو اپنے تئیں قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی، انسانی حقوق کے تحفظ اور بنیادی حقوق کی فراہمی کے دعویدار بنے بیٹھے ہیں مگر دوسری طرف ان کی ڈھٹائی کا یہ عالم ہے کہ وہ اپنے ہی ملازمین اور ورکروں کو ان کے قانونی حقوق دینے سے کتراتے ہیں۔ بلکہ اگر کوئی کارکن غلطی سے تنخواہ کا مطالبہ کر بیٹھے تو اسے ملازمت سے فارغ کرنے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔

خبریں اخبار، رائل ٹی وی، سٹار ایشیاء اور پنجاب ٹی وی میں کام کرنے والے نمائندگان،ملازمین اور ورکروں کی حالت زار کا ذکر کرتے ہوئے پی ایف یو جے نے بتایا کہ ان اداروں کے کارکنوں کی کسمپرسی کا یہ حال ہے کہ ان کو جنوری 2010 کے بعد آج تک ایک ماہ کی تنخواہ بھی نہیں دی گئی۔

بلکہ معاشی مشکلات کا بہانہ تراشتے ہوئے، روہی ٹی وی، سماع ٹی وی، اے آر وائی، نیوز ون، رائل ٹی وی، بزنس پلس، پنجاب ٹی وی، سٹی 42، سٹار ایشیاء، روزنامہ آجکل، ڈیلی ٹائمز، ڈیلی پوسٹ، روزنامہ جناح، ڈیلی بزنس ٹوڈے اور روزنامہ اوصاف کی انتظامیہ نے گذشتہ 120ایام کے دوران 510ورکروں کو ملازمتوں سے فارغ بھی کردیا۔اسی طرح گذشتہ آٹھ ماہ کے دوران الیکٹرانک میڈیا سے وابستہ 680افراد کو بغیر کسی وجوہ اور قانونی نوٹس کے ملازمتوں سے ہاتھ دھونا پڑے۔

پی ایف یو جے نے کہا کہ ملک میں کوئی بھی ایسی قوت موجود نہیں جو ان میڈیا مالکان کو انصاف کے کٹہرے میں لا کر کھڑا کرسکے جنہوں نے انسانی حقوق کے تحفظ کے بلند بانگ دعوے آلاپنے کے باوجود اپنے زیر نگیں عملہ سے بہیمانہ سلوک روا رکھا ہوا ہے اور انہیں کئی ماہ سے نہ صرف تنخواہوں اور دیگر جائز واجبات سے محروم کر رہے ہیں بلکہ اس سلسلہ میں آواز بلند کرنے والے کثیر افراد کو نوکریوں سے بھی فارغ کر دیا ہے۔

پی ایف یو جے نے واضح کیا ہے کہ اگر میڈیا مالکان کا کارکنان کے ساتھ یکطرفہ اور غیر انسانی رویہ جاری رہا تو میڈیا ورکرز مالکان کے خلاف ڈائریکٹ ایکشن لینے اور ان کے گھروں کا گھیراؤ کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔


شمس الاسلام ناز
سیکرٹری جنرل پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس
فون نمبر 0300-8665523, 032108665523



Shamsul Islam Naz
Secretary General
PAKISTAN FEDERAL UNION OF JOURNALISTS
12-Nazimuddin Road, F-6/1
Islamabad, Pakistan
Phone Office +92(0)51 2870220-1
Facsimile +92(0)51 2870223
Cellular +92(0)300 8665523
http://www.shamsulislamnaz.com
http://www.pfuj.pk


No comments:

Post a Comment